ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / سونیا گاندھی کی کانگریس اراکین پارلیمان کے ساتھ میٹنگ، پارلیمنٹ میں اٹھائے گئے مسائل عوام تک پہنچانے کی تلقین

سونیا گاندھی کی کانگریس اراکین پارلیمان کے ساتھ میٹنگ، پارلیمنٹ میں اٹھائے گئے مسائل عوام تک پہنچانے کی تلقین

Wed, 22 Dec 2021 20:20:14    S.O. News Service

نئی دہلی،22؍دسمبر(ایس او نیوز؍ایجنسی) کانگریس کی صدر سونیا گاندھی نے پارلیمنٹ ہاؤس میں واقع پارٹی کے پارلیمانی پارٹی کے دفتر میں آج لوک سبھا اراکین کے ساتھ ریاست وار میٹنگ کی اور کہا کہ پارلیمنٹ کے اجلاس میں جو قومی سطح کے امور اٹھائے گئے ہیں انہیں اپنے علاقہ کے عوام تک پہنچانے کا کام کریں۔

سونیا گاندھی نے پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کے ختم ہونے کے بعد پارلیمانی پارٹی کے دفتر میں ریاست وار لوک سبھا اراکین پارلیمان کی میٹنگ بلائی اور اراکین سے کہا کہ اس اجلاس کے دوران جن امور کو پارٹی نے اٹھایا ہے ان سب کی آواز پارلیمنٹ کے باہر جانی چاہے۔ ان امور کو تمام اراکین اپنے اپنے علاقہ کے عوام کے درمیان جاکر اٹھائیں۔

خیال رہے کہ اس بار بھی کانگریس نے ایوان کے دونوں اجلاس میں کسانوں کے امور اٹھائے اور خاص طور پر لکھیم پور کھیری میں مرکزی وزیرمملکت برائے داخلہ اجے مشرا ’ٹینی‘ کے بیٹے کی گاڑی سے کسانوں کو کچلنے کے معاملے پر انہیں برخاست کرنے کی مانگ کی۔ اس کے ساتھ ہی اراکین پارلیمان کی معطلی کو بھی غلط قرار دیتے ہوئے کانگریس نے اس پر جم کر احتجاج کیا۔


Share: